تہران کا بڑا قدم: اب ملک بھر کے میٹرو اسٹیشن بنیں گے بم شیلٹر
امریکہ کی فضائی کارروائیوں کے بعد ایران نے شہریوں کے تحفظ کے لیے تہران کے 160 میٹرو اسٹیشنز کو فضائی حملوں کے دوران پناہ گاہوں میں تبدیل کرنے کا منصوبہ شروع کر دیا۔

تہران سٹی کونسل کے سربراہ مہدی چمران نے پیر کو بتایا کہ شہر کے 160 میٹرو اسٹیشنز میں سے کچھ 40 میٹر سے زائد گہرائی میں واقع ہیں۔ ان کے مطابق یہ اسٹیشن فضائی حملے کی صورت میں شہریوں کو محفوظ پناہ فراہم کر سکتے ہیں۔
مہدی چمران نے کہا کہ حکام شہریوں کو شیلٹر تک پہنچانے کے لیے میٹرو اسٹیشنز پر خصوصی نشانات بھی نصب کریں گے تاکہ ہنگامی صورتحال میں لوگ آسانی سے محفوظ مقامات تک پہنچ سکیں۔
یہ اقدام ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب خطے میں کشیدگی عروج پر ہے۔ اسرائیل کی جانب سے گزشتہ ماہ ایران پر فضائی حملے کیے گئے تھے جبکہ امریکہ نے بھی ایران کی جوہری تنصیبات کو نشانہ بنایا تھا۔
ایرانی حکام کا کہنا ہے کہ میٹرو اسٹیشنز کو بم شیلٹر میں تبدیل کرنے کا عمل مرحلہ وار مکمل کیا جائے گا۔ پہلے مرحلے میں گہرے اسٹیشنز کو تیار کیا جائے گا جبکہ بعد ازاں دیگر اسٹیشنز کو بھی اس منصوبے میں شامل کیا جائے گا۔


