ٹرمپ اور پوٹن کے درمیان ڈیڑھ گھنٹے طویل ٹیلیفونک رابطہ، یوکرین جنگ پر تبادلہ خیال
روسی صدر پوٹن اور امریکی صدر ٹرمپ کے درمیان ڈیڑھ گھنٹے طویل ٹیلیفونک گفتگو ہوئی۔ پوٹن نے یوکرین جنگ جلد ختم کرنے میں مدد کی پیشکش کی اور یورپ کے خلاف کسی جارحیت کی تردید کی۔

روسی صدارتی دفتر کے مطابق دونوں رہنماؤں نے یوکرین میں جاری جنگ کے خاتمے اور روس امریکہ تعلقات کی بحالی پر تفصیلی بات چیت کی۔ روسی معاون یوری اوشاکوف نے اس گفتگو کو مثبت قرار دیا۔
اوشاکوف کا کہنا تھا کہ پوٹن نے ٹرمپ کو بتایا کہ روس یوکرین میں فوجی کارروائیاں جلد ختم کرنے کے لیے تیار ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ روس کا یورپ کے خلاف کسی قسم کی جارحیت کا کوئی منصوبہ نہیں ہے۔ "روسی خطرے" کے بیانیے کو انہوں نے یورپی ممالک کے دفاعی اخراجات بڑھانے کا بہانہ قرار دیا۔
بیان کے مطابق ٹرمپ نے پوٹن کو روس امریکہ کے درمیان سفارتی تعلقات مکمل طور پر بحال کرنے کی خواہش سے آگاہ کیا۔ دونوں صدور نے ستمبر میں الاسکا اور بڈاپسٹ میں اعلیٰ سطحی ملاقاتوں پر بھی اتفاق کیا۔


